(شاہد ندیم) مجوزہ نجکاری اور پرائیویٹ سیکٹر سے چیف ایگزیکٹو آفیسرز تعینات کرنے کا فیصلہ، لیسکو سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق واپڈا ہائیڈرو یونین کی کال پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین پیر کو اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ ملازمین اتوار اور پیر کی درمیانی شب دفاتر سے بسوں کے ذریعے روانہ ہوں گے،حکومت کی جانب سے مذاکرات نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا۔
ملازمین نے کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری اور پرائیویٹ سیکٹر سے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کی کال دی۔ واضح رہے کہ لاہور میں تین مرتبہ احتجاج کے باوجود حکومت نے مذاکرات نہیں کئے۔اس پر ملازمین کی جانب سے اسلام آباد میں مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔