( حافظ شہباز علی ) پاکستان کے دورے پر ایم سی سی کرکٹ ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی، دس برس بعد قذافی سٹیڈیم میں کھیلنے والے کمارا سنگاکارا نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
میدان بدلا، کپتان بدلا، ٹیم بدلی مگر نہ بدلی تو لاہور قلندرز کی قمست نہ بدلی۔ پی ایس ایل ٹیموں کے بعد لاہور قلندرز کو ایم سی سی کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قذافی سٹیڈیم میں ایم سی سی کی دعوت پر لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ فخرزمان 45، سہیل اختر 40 اور سلمان بٹ 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ایم سی سی کی طرف سے رولف وین ڈیر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ایم سی سی نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔ روی بوپارہ 42، سمیت پاٹیل 31 اور گیارہ برس بعد قذافی سٹیڈیم میں کھیلنے والے ایم سی سی کے کپتان کمارا سنگاکارا 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کے محمد فیضان نے دو جبکہ عثمان شنواری، فرزان راجہ، دلبر حسین اور معاذ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کے خلاف کامیابی کے بعد ایم سی سی ٹیم اپنے آئندہ تینوں میچز ایچیسن کالج گراؤنڈ پر ملتان سلطانز، پاکستان شاہینز اور ناردرن کے خلاف کھیلے گی۔