( شاہد ندیم ) موسم گرما میں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے این ٹی ڈی سی نے غازی گرڈ سٹیشن پر دو سو پچاس ایم وی اے کا پاور ٹرانسفارمر نصب کردیا جبکہ میگا پراجیکٹ کے تحت شہر کے دو اہم ترین سرکٹس کو بھکی پاور پلانٹ سے ملانے کا کام جاری ہے۔
موسم گرما میں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہمی کے معاملے پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابیوں کو دور کر نے کا کام جاری ہے، اس دوران این ٹی ڈی سی نے مختلف گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کی استعداد بڑھانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔
شہر میں غازی گرڈ سٹیشن پر دو سو پچاس ایم وی اے کا پاور ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈیفنس، فتح گڑھ، ہربنس پورہ اور کینٹ کے بیشترعلاقوں میں ٹرپنگ کے واقعات میں کمی آجائے گی اور لیسکو صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے گی۔
دوسری جانب این ٹی ڈی سی نے میگا پراجیکٹ کی ٹرانسمیشن لائنز کو راوی اور شالامار سرکٹ سے ملانے کے لئے کام شروع کر رکھا ہے، جس کی تکمیل پر راوی اور شالامار سرکٹ کو بھکی پاور پلانٹ سے منسلک کیا جائے گا، اس طرح شہر کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔