( سٹی 42 ) شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے اسلام پورہ میں بھی ڈکیتی کی واردات رونماں ہوئی۔
محکمہ پولیس اور پنجاب حکومت ان وارداتوں کی بڑھتی ہوئی شرح کی طرف سے آنکھیں بند کردی ہے جبکہ لا اینڈ آرڈر کی اس بگڑتی ہوئی صورتحال نے امن پسند شہریوں، دکانداروں، تاجروں اور صنعتکاروں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔
اسلام پورہ کرشن نگر کے علاقے میں شہری گلزار کے ساتھ ڈکیتی کی واردت ہوئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہو چکی ہے۔ فوٹیج میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کو گھر کی دہلیز پر شہری سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ شہری گلزار کا کہنا تھا کہ وہ بینک سے پیسے لیکر گھر کی دہلیز پر پہنچا تو ڈاکوؤں نے اسے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا اور ایک لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
فوٹیج میں ایک ڈاکو کا چہرہ واضح دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسرے ڈاکو نے ماسک کی مدد سے اپنا چہرہ ڈھانپ رکھا تھا۔ پولیس کی جانب سے واردات کا مقدمہ تو درج کرلیا گیا مگر سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے باوجود ابھی تک ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبا کیا ہے کہ وہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے اور ان میں اضافہ کی وجوہات بننے والے عوامل و محرکات کا خاتمہ کرے۔