میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہوراور پنجاب کی 6 میونسپل کارپوریشنز میں بے ضابطگیوں کی داستان، مقامی حکومتوں کےنام پر پنجاب کےخزانے کو17 ارب سے زائد کا چونا لگایا گیا، بے ضابطگیوں میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی آڈٹ رپورٹ 2018-19 نےسابقہ حکومت کےدور میں بےضابطگیوں کا پول کھول دیا، آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لاہور،راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا،سیالکوٹ،گجرات اور مری کی مقامی حکومتوں میں 17 ارب سےزائد کی بےضابطگیاں کی گئیں۔
سب سے زیادہ بے ضابطگی میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہوراورسب سے کم میونسپل کارپوریشن مری میں کی گئی، 10 ارب سےزائد کی بے ضابطگی میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور پہلے نمبر پر رہا، 2 ارب 77 کروڑ سے زائد کی بےضابطگی کے ساتھ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کا بدعنوانی کےسکیل پردوسرا نمبر رہا۔
2 ارب21 کروڑ کی بےضابطگی کے ساتھ گوجرانوالہ کا تیسرا اور84 کروڑ کی کرپشن کے ساتھ سرگودھا کا چوتھا نمبررہا۔ 52 کروڑ کی کرپشن کے ساتھ سیالکوٹ پانچویں، 49 کروڑ کے ساتھ گجرات چھٹے اور20 کروڑ کی بےضابطگی کے ساتھ مری میونسپل کارپوریشن ساتویں نمبر پرہے۔