لاہوریوں کی من پسند مٹھائی کا پروڈکشن یونٹ سیل

لاہوریوں کی من پسند مٹھائی کا پروڈکشن یونٹ سیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عمران یونس) خوراک محفوظ اور اچھی ہوگی تو شہری تندرست اور صحت مند ہوں گے اور اگر خوراک ناقص، غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ ہوگی تو لوگ بیمارہوں گے،لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی انسانی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے متحرک ہوگئی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند خوارک مل سکے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی  نے کئی بار لاہوریوں کو مردہ جانوروں کا گوشت اور مضر صحت دودھ پینے سے بچایا ہے اور کئی مکروہ دھندوں کو بے نقاب کیا، آج پنجاب فوڈ  اتھارٹی  نے لاہوریوں کو مضر صحت مٹھائی کھانے سے بچا لیا۔

سٹی 42ذرائع کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی  میں ٹیم نے   کچا جیل روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چوہوں اور چھپکلیوں کی بھرمار پر فضل سویٹس اینڈ بیکرز کا پروڈکشن یونٹ سیل کردیا اور 4 من ناقص مٹھائی قبضہ میں لے کر موقع پر تلف کردی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق بیکری پروڈکٹس کی تیاری میں ناقص کریم، چیز اور ممنوعہ کھلے رنگوں کا استعمال کیا جا رہا تھا، استعمال شدہ گندے آئل کی موجودگی، ورکرز کے میڈیکلز اور خام مال کا ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا، فضل سویٹس اینڈ بیکرز کے پروڈکشن یونٹ میں زنگ آلود برتنوں کا استعمال اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔

 عرفان میمن کے مطابق سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پر سمن آباد میں کشمیر بیکری بریڈ اور نیو کشمیر بیکرز کو بھاری جرمانے کیے گئے، جوئے شاہ روڈ پر سلیم پھیونیاں والے اور سمسانی روڈ پر گلو سویٹس کو بھی جرمانہ کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر معیاری ناقص اشیاء کا خوراک کی تیاری میں استعمال متعدد بیماریوں کا سبب بنتا ہے،عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی فوڈ پوائنٹ پرغیر معیاری اشیاء خورونوش کی موجودگی پر ہمیں اطلاع دیں۔

Sughra Afzal

Content Writer