(ریحان گل) فیصل آباد انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میں طلبا کے پرچوں کی غلط مارکنگ کرکے پوزیشنز تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، سکینڈل محکمہ ہائر ایجوکیشن کے علم میں آنے پر ابتدائی انکوائری کی گئی جس میں الزامات درست ہونے پر کارروائی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو سفارش کردی گئی، پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں امتحانات کی غلط مارکنگ اور پوزیشنز کی تبدیلی پر محکمہ ہائر ایجوکیشن کا ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں امتحانات میں غلط مارکنگ کی شکایات پر میٹرک امتحانات 2020 کی نگرانی کیلئے اعلیٰ افسران پر مانیٹرنگ سیل اور کنٹرول روم قائم کردیا، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو طارق حمید بھٹی مانیٹرنگ سیل کے کنونئیر اور کنٹرول روم کے انچارج ہوں گے، مانیٹرنگ سیل کے دیگر ممبران میں پرنسپل ایم اے او کالج ریاض ہاشمی، پرنسپل جناح ڈگری کالج طاہرہ سکندر، ڈپٹی سیکرٹری بورڈ، سیکشن افسر بورڈ اورسیکشن افسر عدیل احمد شامل ہیں، مانیٹرنگ سیل امتحانات کے دوران صورتحال کی رپورٹس تیار کرے گا، کسی شکایت کی صورت میں اعلیٰ افسران کے احکامات پر عملدرآمد کروائے گا۔
ذرائع کے مطابق سیل ممبران امتحانات کے دوران امتحانی سنٹر کا دورہ کریں گے جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن میں قائم کنٹرول روم میں ٹی وی، ٹیلی فون اور فیکس کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، ڈپٹی سیکرٹری اشفاق خان لودھی، پی ایس او منور حسین کنٹرول روم میں صبح 9 سے 5 بجے تک ڈیوٹی دیں گے۔
واضح رہے کہ 31 جنوری کو لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2020 کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی ہے، ڈیٹ شیٹ کے مطابق 22 فروری سے امتحانات کا آغاز ہو گا، پہلے روز پانچ مضامین عربی، بزنس اسٹیڈیز، جغرافیہ، لباس اور پارصہ بافی کا امتحان لیا جائے گا، دس مارچ سے نہم جماعت کےامتحانات کا آغاز ہوگا، امتحانات کا سلسلہ 16 اپریل تک جاری رہےگا۔