(حسن علی) مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر ، پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، شوگر ڈیلرز کوسٹاک کا ڈیکلریشن اور رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر ضلعی انتظامیہ کو جمع کروانا ہوگی۔
تفصیلات کےمطابق شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری فوڈ پنجاب کے دفتر میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور سیکرٹری فوڈ سمیت دیگر حکام نے حکومت کی نمائندگی کی، آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کی قیادت میں رانا ایوب، عامر وحید، لئیق ظہیر ، سہیل امجد، امجد حسین، فضل احمد ، اسلم بھلی ، مستنصر حسین، رﺅف مغل شامل تھے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے بتایا کہ چینی ڈیلرز ہفتہ وار بنیاد پر سٹاک رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو جمع کروائیں گے، سٹاک کی لوکیشن بھی بتائی جائے گی، چینی کے سٹاک کی فروخت روکی نہیں جائے گی جبکہ ریٹیلرز کی دکانوں پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے، اسٹاک ڈکلیئر کرنے کے فارم کو شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے وصول کر لیا ہے۔ کوئی ڈیلر جتنا سٹاک چاہے رکھ سکتا ہے صرف ڈکلئیر کرنا ہوگا۔
نعیم میر نے کہا کہ ہوم سیکرٹری کی طرف سے گرفتار تاجر آج ہی رہا کرنے کے آرڈر جاری کردیئے گئے ہیں، چینی کی نئی سرکاری قیمت کے تعین کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے دو دن کا وقت مانگا ہے، دو دن تک چینی کے نئے سرکاری نرخ بھی نوٹیفائی ہو جائیں گے۔