(عرفان لک) نئے شہروں کیلئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے ٹاسک فورس، محکمہ ہاؤسنگ اور اربن یونٹ کے نمائندوں پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
صوبے میں مزید نئے شہر آباد کرنے کے لیے وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید کی زیرصدارت شاہین کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہاؤسنگ ٹاسک فورس یعقوب اظہار، جنرل سیکرٹری عاطف میو، سی ای او اربن یونٹ خالد شیردل، ٹاسک فورس اور اربن یونٹ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اربن یونٹ نے نئے شہروں کی تعمیر کے حوالے سے تیار کی جانے والی ابتدائی رپورٹ پیش کی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق آبادی کے تناسب سے شہری جگہ کے رقبہ کا تعین کیا جائے گا، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے کہا کہ بڑے شہروں پرآبادی کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے نئے شہروں کا قیام ناگزیر ہے۔
نئے شہروں کے قیام سے ٹریفک، امن و امان اور زیادہ آبادی سے متعلقہ دیگر مسائل بھی احسن انداز میں حل ہوں گے، وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ ننکانہ صاحب، سکھیکی، پنڈی بھٹیاں اور گجرات نئے شہروں کی آبادکاری کیلئے منتخب کیئے گئے ہیں۔