ملک اشرف: معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے ایصال ثواب کیلئے قل خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی، سابق صدرسپریم کورٹ بار اعتزازاحسن ، سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری ، وکلاءسمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان و انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کی قل خوانی ان کی رہائش گاہ حالی روڈ گلبرگ میں ادا کی گئی۔ قل خوانی میں حیدرفاروق مودودی نے مرحومہ کے بلند درجات اور ایصال و ثواب کے لئے خصوصی دعا کی۔
قل خوانی میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ممبرپاکستان بار اعظم نذیرتارڑ ، عابد ساقی ، احسن بھون ، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل برہان معظم ملک، سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار حفیظ الرحمان چودھری، ڈین پاکستان کالج آف لاء پروفیسرہمایوں احسان، سیکرٹری سپریم کورٹ بار صفدرتارڑ، سابق صدرلاہورہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی ، جہانگیراے جھوجھہ، خواجہ محمود، سابق صدرلاہوربار ساجد بشیر اور انوارالحق پنوں ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔
علاوہ ازیں رسم قل میں شرکت کرنےوالوں میں پیپلز پارٹی کےرہنماء مصباح الرحمان، منصورالرحمان آفریدی ایڈووکیٹ، صدرلاہوربار ملک ارشد ، ملک افضل ایڈووکیٹ، سابق ممبرپنجاب بار غلام مرتضیٰ چودھری، فیصل میر ، مشہور اینکر پرسن نسیم زہرہ سمیت مختلف مکاتب سے تعلق رکھنےوالی شخصیات شامل تھیں۔