(درنایاب) وزیراعلیٰ پنجاب کا انوکھا لاڈلہ ریٹائرمنٹ کے بعد توسیع لینے میں کامیاب ہوگیا، ایل ڈی اے کے چیف ٹاؤن پلانر کو بتیس سال سروس پوری کرنے کے بعد ملازمت میں ایک سال کی توسیع مل گئی.
گزشتہ روز ری ایمپلائمنٹ بورڈ نے وزیراعلیٰ کے دباؤپر ملازمت میں توسیع کرکے پنجاب میں اپنی نوعیت کی ایک نئی مثال قائم کردی۔ذرائع کے مطابق شکیل انجم منہاس کو بتیس سال قبل وزیراعلی کی سفارش پر ہاوسنگ میں بھرتی کیا گیا ، ذرائع کے مطابق شکیل انجم منہاس نے توسیع کی سمری لینے کیلئے وزیراعلی کو وہی سفارشی پرچی دکھائی ۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر ڈی جی ایل ڈی اےنے خلاف ضابطہ سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کی ، سمری پر محکمہ ریگولیشنز نے رولز وضع نہ ہونے کا اعتراض لگایا تھا ۔
ایوان وزیراعلی نے اعتراضات کو رد کرکے سمری پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ریگولیشنز ، سیکرٹری سروسز نے گزشتہ روز معاملے پر نتیجہ خیز میٹنگ کی ۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ڈی جی ایل ڈی اے نے شکیل انجم منہاس کی ری ایمپلائمنٹ کی راہ ہموار کی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیل انجم منہاس کی توسیع سے موجود پنجاب حکومت کا وسیع تر مفاد وابستہ ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شکیل انجم منہاس سابق وزیراعلی شہباز شریف کے دور میں ہائی رائز بلڈنگ سکینڈل میں بھی ملوث رہے ہیں ۔