ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے آئندہ 15 روز کے لئے قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر تیار کر لیا، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، برینٹ آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل تک رہی، حکومت نے عالمی مارکیٹ سے 76 ڈالر فی بیرل میں تیل خریدا۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق دو تجاویز تیار کی ہیں۔ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کی کا سکتی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل 15 روپے اور مٹی کے تیل میں 13 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں، پیٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے، پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر کی آخری حد تک بڑھائی جا چکی ہے، اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری آج بھجوائے گی۔ وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کل فیصلہ کرے گی۔