(جمالدین جمالی)ہنجروال سے چار بچیوں کے اغواء میں ملوث5 ملزمان کی ضلعی کچہری پیشی، تفتیش مکمل ہوگئی ہے، جس میں ملزمان گناہ کار ثابت ہوئے ہیں، تفتیشی افسرکا عدالت میں بیان، ڈیوٹی جج نے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری نے کیس پر سماعت کی، پانچ ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پولیس نے پیش کیا،تفتیشی افسر نے کہا تفتیش مکمل ہو گئی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چا ہیے، ملزمان گناہ گار ہیں، ایک بچی عائشہ سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں، ڈی این اے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں،ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا، اغواء کی جانے والی بچیوں میں کنزہ، انعم، عائشہ اور سمرین شامل ہیں، تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم شوکت، شہزاد، قاسم، نعیم اور آصف بچیوں کو لاہور سے اغوا کرکے ساہیوال لے گئے تھے، ملزمان بچیوں کو جسم فروشی کے لئے فروخت کرنا چاہتے تھے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزموں کا کہناتھا کہ ہمیں معاف کردیں، ہم سے غلطی ہوگئی، 15 پر کال کرکے بچوں کا پولیس کے حوالے کردیا تھا، ہمارے بھی گھر میں چھوٹے بچے ہیں، پولیس نے ہم پر تشدد کیا، پورے پاکستان میں ذلیل ہوگئے ہیں نہ باہر جاسکتے ہیں، ملزموں کا کہناتھا کہ بچیاں خود کہہ رہی تھیں کہ ہم نے گھر نہیں جانا، والد شراب پیتا ہے ہمیں مارتا ہے،بچیوں نے کہا کہ ہم گھر نہیں جانا چاہتی۔