ویب ڈیسک: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دینے پر غور شروع کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر اشرف غنی نے عہدے سے استعفیٰ دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے چند ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے صدارت سے استعفیٰ دیا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشرف غنی استعفیٰ دینے کے بعد اپنی فیملی سمیت بیرونِ ملک جائیں گے۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کا افغان عوام کے نام ریکارڈڈ پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ افغانستان عدم استحکام کے شدید خطرے میں ہے۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ مزید عدم استحکام کو روکوں گا، افغان سیکیورٹی و دفاعی افواج کو دوبارہ متحرک کرنا ترجیح ہے۔افغان صدر اشرف غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے تیز رفتار مشاورت جاری ہے، افغانستان میں قتل و غارت گری اور عوامی املاک کی تباہی کی اجازت نہیں دوں گا۔