( سٹی42) الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا معاملے پر پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس ہوا۔
الیکشن ایکٹ کی شق57ون اور58میں ترامیم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس میں رکن کمیٹی اور وفاقی وزیر سید نوید قمر کمیٹی کے کنونئر منتحب ہوگئے جبکہ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹر بیرسٹر علی ظفر شریک نہ ہوئے، کمیٹی اجلاس میں الیکشن ایکٹ 2017ءمیں مزید ترامیم زیر غور لائی گئیں، پیپلزپارٹی کے اراکین کمیٹی نے مجوزہ ترامیم پر سوال اٹھادئیے۔
اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ ترامیم سے صدر کو بلکل نظر انداز کرنا مناسب نہیں ہے جس پر وفاقی وزیر نوید قمر کا کہنا تھا کہ ممبران ترامیم کو اچھی طرح پڑھ لیں تاکہ آئین سے متصادم کچھ نہ ہو، ممبران الیکشن ایکٹ کی مجوزہ ترامیم کا اچھی طرح جائزہ لیں۔ انتخابی اصلاحات کے لئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کااجلاس19اپریل کو دوبارہ طلب کر لیا گیا، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سمیت چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے نام لکھے خطوط کا باقاعدہ جائزہ لیاجائےگا۔