پولیس کی کارروائی، شراب فروشوں کو دھر لیا

پولیس کی کارروائی، شراب فروشوں کو دھر لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فہد علی ) شراب پینا حرام ہے، شراب کا کاروبار کرنے والے موت کے سوداگر، ایسے بلند و بانگ دعوے سن سن کر ہمارے کان پک گئے لیکن موت کا یہ گھناؤنا کاروبار نہ رکنا تھا نہ رک سکا۔

شراب، ہیروئن جیسی نشہ آور چیزوں کا استعمال انسان کو اندر سے کھوکھلا کرکے موت کے دہانے پر پہنچا رہا ہے  اور اب یہ آگ سب کو اپنی لپیٹ میں لینے لگی ہے۔ نشے کے عادی افراد کی جانب سے آئے روز عجیب وغریب واقعات سامنے آرہے ہیں۔ نشے کا عادی فرد ہلکے ہلکے جرم کی جانب مائل ہونا شروع ہوجاتا ہے اور اس کے اندر سماج کے خلاف نفرت پیدا ہوتی ہے جو منشیات کے استعمال کا خطرناک ترین پہلو ہے۔

لاہور کے علاقے شادباغ پولیس نے کارروائی کرکے تین شراب فروش گرفتار کر لیے، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ شاد باغ کے علاقے میں شراب فروشی کا کاروبار کیا جارہا ہے، پولیس نے درخواست موصول ہونے پر چھاپا مار کر ملزم وکی، زمان، اور رفاقت کو گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضے سے سو لیٹر سے زائد دیسی شراب برآمد کی گئی جبکہ دو ناجائز پسٹل بھی برآمد ہوئے۔ تینوں ملزمان کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق جس طرح سے منشیات کا استعمال بڑھتا چلا جارہا ہے اگر اس پر بروقت قابو نہیں پایا گیا تو دنیا بھر میں یہ نشہ نوجوان نسل کو وقت سے پہلے بوڑھا بنانے اور ان کی صلاحیتوں کے خاتمے کے ساتھ انھیں مجرم بنانے کا باعث بن سکتا ہے۔

دوسری جانب شفیق آباد پولیس نے کارروائی کرکے موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ شفیق آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل چور گینگ رہائش پذیر ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم زاہد اور اکرام کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او افضل سندھو کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے چھے چوری شدہ موٹر سائیکلیں، دو پستول اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔