قذافی بٹ: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ادویات پر دس فیصد رعایت بند کرنے والے میڈیکل سٹورز پر برس پڑے، خبردار کرتے ہوئے کہا، میڈیکل سٹورز نے رعایت بحال نہ کی تو لائسنس منسوخ کر دیں گے، ،گورنر نے حکومت اور اپوزیشن کو حالات کے پیش نظرمفاہمت کا مشورہ بھی دے ڈالا۔
گورنر ہاؤس میں فیصل آباد کے کاروباری ادارے کی طرف سے ایک ہزار افراد کے لئے راشن عطیہ کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب میڈیکل سٹور ز کی جانب سے عوام کو رعایت بند کرنے پر برہم ہوگئے ۔گورنر کا کہنا تھا کہ قیامت کی گھڑی ہے، متنبہ کرتا ہوں کہ میڈیکل سٹورز والے ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں، رعایت بحال کردیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کاکہنا ہےکہ کورونا وائرس کے حوالے سے مشکل حالات آرہے ہیں۔ عوام کو اپنے رویے بدلنا ہوں گے ،حالات تقاضا کرتے ہیں کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیا جائے۔
گورنر پنجاب نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں پنجاب مینٹل ہیلتھ ہیلپ لائن کا افتتاح بھی کیا۔ پنجاب مینٹل ہیلتھ ہیلپ لائن کا قیام جی سی یو شعبہ سائیکالوجی کے زیر انتظام ہوگا۔
خیال رہے پاکستان میں کرونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہو گئے جس کے بعد تعداد 96ہوگئی۔ کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5ہزار 716ہوگئی، پنجاب میں 2ہزار826، سندھ میں ایک ہزار، 452مریض، خیبرپختونخوا میں 800، گلگت بلتستان میں 233 اور بلوچستان میں 231کیس، اسلام آباد میں 131 اور آزادکشمیر میں 43مریض زیرعلاج ہیں۔
پنجاب میں اس وقت سب سے ذیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں کورونا کے مزید 13 مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 ہو گئی، پنجاب میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار786 ہے، صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2826 ہو گئی، کورونا سے ابتک لاہور میں 11، پنجاب میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے میں ابتک 508 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔