یا ور ذوالفقار :عدالت نے پانچ پتنگ بازوں کو جیل بھیج دیا۔
ضلع کچہری میں پتنگ بازی کے مقدمہ میں ملوث پانچ ملزمان کے خلاف درخواست پر سماعت کی گئی ، عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کے خلاف درخواست پر سماعت کی,عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان پابندی کے باوجود پتنگ بازی کر رہے تھے،ملزمان کے قبضے سے ڈور اور پتنگیں برآمد کی جا چکی ہیں ،پولیس نے دوران ڈیوٹی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا تھا،ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا جاۓ ۔
تفتیشی افسر نے مزید آگاہ کیا کہ سٹی ڈویژن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی کرنے پر ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ،ملزمان کے خلاف تھانہ راوی روڈ میں مقدمات درج ہیں ،ملزمان کے خلاف پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمات درج کیے گئے،عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ،ملزمان میں اعظم، وقاص اور ارشد سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔
خیال رہے پتنگ بازی کے دوران میں انسانی ہلاکتوں میں اضافے کے بعد اب سے کوئی پانچ برس پہلے اعلی عدلیہ کے احکامات کے تحت حکومت نے پتنگ بازی پر پابندی عائد کردی تھی۔پنجاب میں پتنگ بازی قابل دست اندازی پولیس جرم ہے اور جس میں جرمانہ اور قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔
پتنگ بازی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں کا ایک ایسا مقبول روایتی کھیل رہا ہے جس نے باقاعدہ تہوار کی شکل اختیار کرلی تھی۔ ماضی میں ہر برس موسم بہار کی آمد پر پتنگ بازی کرکے بسنت منائی جاتی رہی لیکن پھر پتنگ بازی کے دوران ہونے والے حادثات میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا تھا اور اوسطاً سالانہ ایک سو افراد تک کی ہلاکتیں رپورٹ ہونے لگیں جس کے بعد پتنگ بازی پر پابندی عائد کی گئی۔