سٹی 42:مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا سے بچنا اور دوسروں کو بچانا ہے،کورونا سے لڑنے کا لفظ بولنے کی بجائے بچنے کا لفظ استعمال کرنا چاہیے،پاکستان میں کورونا سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 80 فیصد کورونا وائرس امریکہ،انگلینڈ، فرانس، اٹلی اورسپین میں ہے،بقایا 10 فیصد یورپین ممالک اور10 فیصد دنیا بھر میں ہے،متاثرہ ممالک کو چاہئے دوسروں کی بجائے اپنے اوپر دھیان دیں،اسلحہ اور مزائیل یہ دنیاوی چیزیں ان کو نہیں بچا سکتیں،دفاعی سسٹم پر خرچ کرنیوالا بجٹ اب ہیلتھ سیکٹر پر خرچ کیا جائے۔
اللہ کی طرف سے آزمائش ہے سب معافی مانگیں،اپنے علاقوں میں مستحق لوگوں کی نشاندہی کر کے ان کی مدد کریں۔
خیال رہے چودھری شجاعت حسین حکومتی اتحادی اور سابق وزیر اعظم ہیں،انہوں نے پرویز مشرف دور میں وزیر اعظم کی ذمہ داریاں نبھائیں۔
یاد رہے دنیا بھر میں بیس لاکھ کے قریب کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں،ایک لاکھ بیس ہزار اموات سامنے آئی ہیں،ساڑھے 4 لاکھ کے قریب مریض صحت یاب ہوئے ہیں،سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا،برطانیہ،فرانس،اٹلی ،سپین، جرمنی ، چین وغیرہ شامل ہیں،ان تمام ممالک میں کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈائون ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 96 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 35، سندھ 31 اور پنجاب میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔پاکستان میں اس وقت کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈائون ہے۔آج مزید توسیع کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔