سٹی 42 : پاکستانی ایکٹر نے امریکا میں اداکاری کرکے دھوم مچادی ۔
اگرچہ یہ ایک مختصر سا کردار تھا، تاہم اس لحاظ سے اہم کہ ہالی وڈ کی کسی فلم یا ڈرامے میں جب بھی کسی پاکستانی کا کردار ہوتا ہے تو وہ عموماً کسی بھارتی اداکار کو دے دیا جاتا ہے۔
’ہوم لینڈ‘ سیریز میں آئی ایس آئی کی ایجنٹ تسنیم قریشی کا کردار بھارتی اداکارہ نمرت کور ادا کررہی ہیں۔ ایسے میں ایک پاکستانی جنرل کے کردار میں ایک پاکستانی اداکار کو دیا گیا۔
عدنان جعفر کا نام پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں نیا نہیں۔ وہ کافی عرصے سے مختلف کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں، خاص کر ان کی فلم ’ پنکی میم صاحب‘ کو ناقدین نے سراہا تھا۔
مقبول امریکی ٹی وی سیریز ’ہوم لینڈ‘ کا آغاز اکتوبر 2011 میں ہوا تھا ، جس کی مرکزی کردار کیری متھیسن ایک سی آئی اے کی اہلکار ہیں جو مختلف مشنز پر کام کرتی ہیں۔ یہ کردار امریکی اداکارہ کلیئر ڈَینز ادا کر رہی ہیں۔
رواں سال فروری میں ہوم لینڈ سیریز کا آٹھواں اور آخری سیزن شروع ہوا، جس کی نویں قسط میں پاکستان کے جنرل عزیز کا کردارعدنان جعفر نے نبھایا۔ عدنان جعفر نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال مئی میں انہیں ایک کاسٹنگ ایجنسی کاآڈیشن کے لیے واٹس ایپ پیغام موصول ہوا تھا۔وہ چاہتے تھے کہ عدنان کچھ مکالمے ریکارڈ کر کے انہیں واٹس ایپ کر دیں۔ عدنان نے شروع میں اسے ایک مذاق سمجھا لیکن پھر بھی آڈیشن کی ویڈیو بھیج دی۔ چند ہفتوں بعد انہیں بتایا گیا کہ وہ منتخب ہو گئے ہیں، جس پر وہ خود کافی حیران ہوئے۔
گذشتہ سال جون کے آخری ہفتے میں انہیں چار روز کے لیے مراکش کے سب سے بڑے شہر کاسا بلانکا بلایا گیا جہاں ان کے اُس سین کی عکس بندی کی گئی، جس سین میں راول پنڈی دکھانا مقصود تھا۔