نویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کیلئے 3 پلان مرتب

 نویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کیلئے 3 پلان مرتب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مزنگ (اکمل سومرو) پنجاب بورڈز آف چیئرمین کمیٹی نے لاہورسمیت صوبے بھرمیں نویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات کیلئے 3 پلان مرتب کرلیے۔

ذرائع کے مطابق   پلان اے میں نویں جماعت کا امتحان 8 مئی سے20 مئی تک ہو گا، سیکنڈ ایئرکا امتحان 29 مئی سے 12 جون تک لینے کا شیڈول ہے، پلان بی میں نویں جماعت کا امتحان یکم جون سے13 جون اورسیکنڈ ایئر کا امتحان15جون سے30 جون تک لینے کا شیڈول بنایا گیا ہے، پلان سی میں سیکنڈ ایئرکا امتحان یکم جون سے 15 جون تک لینے کا شیڈول تیارکیا گیا۔

یاد رہےکہ14 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے جامعات، کالجز اور بورڈ کےزیر اہتمام 31 مئی تک امتحانات ملتوی کردیئے تھے،کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں نویں جماعت کے امتحانات بھی  ملتوی کر دیئے گئے تھے۔لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کےتحت نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز دس مارچ سے ہونا تھا۔

امتحانات کو ملتوی کرنے کے معاملہ پر حکومت کی جانب سےباقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا تھا،نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ تمام امتحانات 31 مئی تک ملتوی کیے جارہے ہیں،تمام یونیورسٹیز، کالجز اور بورڈز کے ساتھ اے او اور دیگر امتحانات ملتوی کیے جارہے ہیں، نئی ڈیٹ شیٹ کا اعلان بعد میں متعلقہ اداروں کی جانب سے کیا جائے گا۔

بعدازاں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے  اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ  یکم جون تک تمام   امتحانات کا انعقاد نہیں ہوگا، یکم جون کے بعد   امتحانات کا شیڈول فائنل کیا جائے گا۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کیمبرج سے درخواست ہے کہ اگر حالات بہتر ہوں تو جون جولائی میں   امتحانات لیں۔

واضح رہےکہ لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا کے حملوں میں تیزی آگئی، کورونا وائرس سے اب تک   96  پاکستانی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔

Sughra Afzal

Content Writer