شاہین عتیق: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجازحسن اعوان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی، عدالت میں دونوں فریقین کے وکلاء میں تلخ کلامی کی وجہ سے کارروائی جاری نہ رہ سکی۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کی درخواستوں پر کل جواب طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران وکلاء کی تلخ کلامی ہوگئی، دونوں فریقین کے وکلاء نےایک دوسرے کے خلاف درخواستیں دے دیں۔ عدالت میں فاضل جج اعجازحسن اعوان ایک گواہ افتخار کا بیان قلمبند کررہے تھے اچانک عدالت کےعقب میں ادارہ منہاج القران کے ایک کارکن محسن نے شور کیا کہ اسے پولیس افسران کے وکیل ناظم نے تھپڑ مارا ہے اس پرادارہ کے وکلا نے احتجاج کیا اور کہا کہ ان کے گواہوں کو کئی روز سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
عدالت میں ناظم ایڈوؤکیٹ نے بتایا کہ انہوں نے محسن کو تھپڑ نہیں مارا اس کو ہاتھ سے پیچھے کیا، عدالت میں تلخ کلامی پر سماعت روک دی گئی اورمنہاج القران کے وکلاء باہر چلے گئے جب کہ پولیس افسران کے وکلاء موجود رہے۔