ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست احتجاج اور لانگ مارچ کے معاملے پر دائر کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کر رہے ہیں، عمران خان سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پر امن احتجاج کی اجازت دی تھی لیکن عمران خان ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ عمران خان کو احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے تاہم ان کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
آج بھی راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد کال دینے والا ہوں، جیل تو کیا موت سے بھی نہیں ڈرتا، چوروں اور مافیا کے خلاف آخری وقت تک لڑوں گا۔