مریم نواز کا جنوری سے پہلے عمران حکومت کے خاتمےکا دعویٰ

مریم نواز کا جنوری سے پہلے عمران حکومت کے خاتمےکا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ماڈل ٹاؤن(عمراسلم /قذافی بٹ)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری سے بہت پہلے اس حکومت کا کام ختم ہوجائے گا، یہ نہ آئینی حکومت ہے اور نہ ہی منتخب، یہ حکومت، حکومت کہلانے کی مستحق نہیں، میں اسے حکومت ہی نہیں مانتی، اس حکومت کو جتنا بھی سپورٹ کیا جائے گا وہ رائیگاں جائے گا۔

 کارکنوں کے اجلاس سے خطاب اور ٹی وی کو انٹرویو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد کی دل کی سرجری ہوگی، کوئی خطرہ نہ ہوا تو وہ وطن واپس آجائیں گے، ان کا علاج پاکستان میں نہیں ہوسکتا تھا، نوازشریف لندن میں علاج کرا رہے ہیں، ہسپتال میں داخل کرانا ضروری نہیں۔

شہباز شریف اور نواز شریف کے تعلقات سے متعلق مریم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میرے والد کی طرح ہیں، میں انہیں اپنے والد سے الگ نہیں سمجھتی، شہباز شریف کی اپروچ مختلف ہے جو پہلے بھی رہی ہے۔ اختلاف کی باتیں کرنے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے، دونوں بھائی ہمیشہ ایک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف ہمیشہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، وہ جیل اسی لیے گئے ہیں کہ انہوں نے اپنے بھائی کو نہیں چھوڑا، شریف ہمیشہ سے ایک صفحے پر تھے اور ہمیشہ رہیں گے، شریف برادران کو لڑانے والوں کو ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے۔ 

مریم نواز نے '' ووٹ کو عزت دو '' کے پاسبان بننے والے کارکنوں سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ( ن) کی شروع کردہ رابط مہم کا حصہ ہے، مہم نوجوان نسل اور عام عوام کو اپنے ووٹ کے آئینی حق اور اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے شروع کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،مریم اورنگزیب، خواجہ عمران نذیر ،سائرہ افضل تارڑ،عطااللہ تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی، مریم نواز نے کہا کہ مہم شروع کرنے کا ایک مقصد یہ ہے کہ جمہوری جدوجہد، سیاسی اختلاف رائے اور مخالفین سے مہذب انداز میں مکالمہ کی اہمیت سے عوام کو روشناس کرایا جائے۔

 اس موقع پر ایم پی اے میاں نصیر احمد، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ لاہور فیصل سیف کھوکھر، میاں فقیر حسین، رانا تنویر، محمد ذوالفقار اور ذیشان ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

علاو ہ ازیں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو بہت جلد لگ پتہ جائیگا یہ خوابوں کی جنت میں رہتے ہیں، انہیں بہت جلد دن میں تارے نظرآنیوالے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  تحریک شروع بھی نہیں ہوئی اور یہ بوکھلاگئے، دھرنے والے کس منہ سے کہتے ہیں کہ جلسے نہیں کرنے دیں گے، بہت ہوگئی، اب ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے ادویات کی دستیابی کیلئے قیمتیں بڑھائیں، ایسی حکمت عملی کو کیا آگ لگانی ہے، آج آٹے کی قیمت کہاں چلی گئی، گندم غائب ہے، وزیراعظم کے نوٹس کے بعد مہنگائی اور بڑھ جاتی ہے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer