مال روڈ(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بورڈ آ ف ریونیو کا دورہ کیا اوراعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں بورڈ آف ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بورڈ آف ریونیو کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور افسروں وعملے سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں قانون گوئی سطح پر قائم 115 اراضی ریکارڈ سینٹرز، سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر اور 20 موبائل اراضی سینٹرز کا افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے موبائل اراضی سینٹرز کا معائنہ کیا اور موبائل اراضی سینٹر کے ذریعے اراضی ریکارڈ کی خدمات کی فراہمی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورے کے موقع پر بورڈآف ریونیو پنجاب اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین ڈیٹا شیئرنگ کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر کے ذریعے32 قانون گوئیوں میں موضع کی سطح پر اراضی ریکارڈ کی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ 100تحصیلوں میں رجسٹری کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا، پنجاب کی تاریخ میں اراضی ریکارڈ کی خدمات کی فراہمی کیلئے ایسے تاریخ ساز اقدامات کی مثال کوئی نہیں، ماضی میں اراضی ریکارڈ سے متعلقہ امورکو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بورڈ آف ریونیو میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے فیلڈ سٹاف کی ری سٹرکچرنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارریونیو عوامی خدمت کچہریاں لگائی جارہی ہیں، ریونیوعوامی خدمت کچہریاں ہر مہینے کے پہلے ورکنگ ڈے لگائی جائیں گی، ریونیوسے متعلقہ افسر اورعملہ کچہریوں میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دس برس بعد جمع بندی کی پرنٹنگ اور اپ گریڈنگ کے کام کا آغاز کیا ہے، دو برس کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی قبضہ مافیا سے واگزارکرائی ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیونے ادارے میں اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس لاہور، ائیروائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی اے ایف پر پوری قوم کو ناز ہے اورپوری دنیا پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا مانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیرفورس سوشل سیکٹر میں بھی سرگرم عمل ہے، تعلیم سمیت سوشل سیکٹر کے ہر شعبے میں پاک فضائیہ سے بھرپور تعاو ن کیا جائے گا۔