(علی ساہی)موٹروے پرخاتون زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کی آئی جی پنجاب نے تصدیق کردی،ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ موٹروے پرخاتون زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کیسے ممکن ہوئی؟ آئی جی پنجاب انعام غنی کا اس بارے میں کہناتھا کہ 9 ٹیموں کی جانب سے متعدد شہروں میں مسلسل ریکی کے بعد ملزم کی گرفتاری ہوئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کے حکم سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شہزادہ سلطان کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے موٹروے زیادتی کیس کے مفرورملزم عابد ملہی ولد اکبر علی کو شبانہ روز کی کوشش اور سائنسی طریقہ تفتیش سے گرفتار کیا۔
سی آئی اے لاہور نے ایس پی عاصم افتخارکی سربراہی میں اس گرفتاری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔پچھلے ایک ماہ سے سی آئی اے لاہور کی نو ٹیمیں پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور،فیصل آباد،چکوال،گجرات،سیالکوٹ،قصور،ننکانہ صاحب،گوجرانوالہ اوربہاولنگرمیں مفرور ملزم کی سراغ براری کے لیے دن رات کوشاں تھیں۔
اس سلسلہ میں گرفتاری کے لیے کیے گئے ریڈ کی سربراہی بھی براہ راست ایس پی سی آئی کررہے تھے۔مقدمہ کی تفتیش کو شواہد اور قانون کی روشنی میں پراسیکوشن ٹیم کی رہنمائی میں آگے بڑھایا جائے گا تا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا مل سکے۔
ٍ آئی جی پنجاب انعام غنی نے عوام اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب پولیس کی قیادت اور لاہور پولیس کی ٹیم پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اتنا وقت دیا تا کہ وہ صحیح ملزم کوگرفتار کر لیں،سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو ملزم کی گرفتاری کے لیے کی جانے والی کوششوں کی رپورٹ دیتی رہی ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شروع دن سے اس کیس کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری میں ذاتی طور پردلچسپی اور پولیس کی کوششوں کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم اور سی آئی اے کے ا فسران کے لیے خصوصی انعام کا اعلان کیا ہے۔
موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، انسداد دہشت گردی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی،ملزم عابد ملہی کو گزشتہ رات مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا،سی آئی اے ماڈل ٹاؤن نے ملزم عابد کو گزشتہ رات گرفتار کیا، موٹر وے زیادتی کیس کا ایک ملزم شفقت علی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔