(ویب ڈیسک) سٹی نیوز نیٹ ورک کے رپورٹر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، گولیاں لگنے سے عثمان حیدر سمیت دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات فیصل آباد میں سٹی نیوز نیٹ ورک کے رپورٹر عثمان حیدر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے عثمان حیدر سمیت دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزمان موقع واردات سے فرار ہوگئے ،ذرائع کے مطابق عثمان حیدر کو تین گولیاں لگی ہیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فہد نے سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فائرنگ کرنے والوں کی شناخت عدنان اور مبین کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا، اطلاعات پر مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
صدر پریس کلب فیصل آباد ظفر ڈوگر، ڈائریکٹر نیوز 24 نیوز چینل میاں طاہر، گروپ ایڈیٹر نوید چودھری، پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری رانا عظیم، سابق صدر پریس کلب لاہور اعظم چودھری سمیت دیگر صحافیوں نے سٹی نیوز نیٹ ورک کے رپورٹر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
صدر پریس کلب فیصل آباد ظفر ڈوگر نے کہا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کے رپورٹر پر فائرنگ پولیس کے لیے لمحہ فکریہ ہے، ملزم گرفتارنہ ہوئے تو ملک گیر احتجاج کرینگے۔
آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرد عارف نواز نے رپورٹر پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔