ویب ڈیسک: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور سابق عالمی چیمپئن عامر خان نے کھیل کو خیرباد کہہ دیا اور کہا ہے کہ میرے دستانے لٹکانے کا وقت آگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹرنیشنل باکسر عامر خان نے باکسنگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ 35 سالہ باکسر عامر اقبال خان نے کہا کہ میرے دستانے لٹکانے کا وقت ہے، میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اس کھیل میں 27 سال پر محیط ایک ایسا شاندار کیریئر حاصل رہا جس کی مجھے ہمیشہ تمنا رہی۔
عامر خان نےاپنے ساتھ کام کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کا اس محبت اور حمایت کے پر بھی اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 17 سالہ نوجوان کی حیثیت سے اپنے ملک کے لیے اولمپک تمغہ جیتنے اور دو بار عالمی باکسنگ چیمپئن بننے کا خواب پورا کیا، باکسنگ نے مجھے بلند مقام عطا کیا اور مجھے ایک پلیٹ فارم دیا ہے جسے میں نے فخر کے ساتھ دوسروں کی مدد اور حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ طویل عرصے تک پروفیشنل باکسر رہنے والے عامر خان انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے 2011ء میں بھی عالمی چیمپیئن رہے جبکہ عامر خان نے کامن ویلتھ گیمز میں لائٹ ویٹ کا ٹائٹل 2007ء کے بعد 2008ء بھی جیتا تھا۔
اس کے علاوہ عامر خان نے لائٹ ویلٹر ویٹ کے درجے میں ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا ٹائٹل 2009ء سے 2012ء تک اپنے نام کیا تھا۔
8 دسمبر 1986ء کو بولٹن میں پیدا ہونے والے عامر خان کے والدین کا تعلق پاکستان کے علاقے جہلم سے ہے جبکہ کہ ان کے اہل خانہ میں اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ ساتھ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں بھی شامل ہیں۔