( قیصر کھوکھر) پنجاب میں ایک نیا بحران، پاکستان سٹیٹ آئل نے سرکاری گاڑیوں کو تیل دینا بند کر دیا، پی ایس او کو ادائیگیاں نہ ہونے کی شکایت ہے۔
ذرائع کےمطابق پی ایس او کی جانب سے عدم ادائیگی پر پنجاب حکومت کے فیول کارڈز بند کیے گئے ہیں، سیکرٹریز اپنی جیب سے فیول ڈلوانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ نے ابھی تک فیول کارڈ کھلوانے کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے جس سے پنجاب کی سرکاری گاڑیوں کا پہیہ رُک گیا ۔
دوسری جانب دو ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے کرکے ایوان وزیراعلٰی میں تعیناتی کردی گئی، 2 افسران ڈپٹی سیکرٹری اور 6 ایڈیشنل سیکرٹری ایوان وزیر اعلیٰ بن گئے، ڈی سی خوشاب اورنگ زیب حیدر خان اور ڈی سی ملتان عامر کریم خان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، انہیں ایڈیشنل سیکرٹری ایوان وزیر اعلیٰ تعینات کیا گیا۔
اطلاع کے مطابق خرم شہزاد اور تسلیم اختر راؤ کو ڈپٹی سیکرٹری ایوان وزیر اعلیٰ تعینات کیاگیا ہے جبکہ مبین الہٰی، سمیرا فاروق، ذیشان شبیر رانا، وحید اصغر بھٹی کی بطور ایڈیشنل سیکرٹری ایوان وزیر اعلیٰ تعیناتی کی گئی ہے۔