(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے صدر میں داؤد پوتہ روڑ پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے جبکہ کئی گاڑیوں کونقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا گیا،وزیر اعلیٰ سندھ نے دھماکے کے بعد کراچی کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ دھماکے کے وقت روڈ پر کافی رش تھا ، دھماکے کے بعد ہرطرف دھواں پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا ایک کچرا کنڈی میں ہوا جس سے وہاں آگ لگ گئی اور آس پاس کھڑی ہوئی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں، دھماکہ خیز مواد ایک سائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں تقریباً 2 سے ڈھائی کلوگرام دھماکہ خیز مواد موجود تھا اور اس میں بال بیئرنگ استعمال کیے گئے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، سی سی ٹی وی میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ کوسٹ گارڈز کی گاڑی آتے ہی دھماکا ہوا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کے جسم پر بال بیئرنگ کے زخم ملے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ بم دھماکا تھا جس میں بال بیئرنگز استعمال کیے گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےکراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ جاں بحق شخص کےاہل خانہ سےدلی تعزیت اور ہمدردی کرتےہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام، امن دشمن عناصر کا قلع قمع کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو افسوسناک واقعے کی جامع تحقیقات کی ہدایت کی۔