شاہراہ تجارت (حسن خالد، وقار گھمن، بسام سلطان ) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک میں کورونا سے مزید 31 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 737 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 34325 تک جاپہنچی ہے، اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 8555 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
لاہور میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 194 نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5705 ہوگئی، پنجاب میں کورونا کے 301 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار 868 ہو گئی، مہلک وائرس سے اب تک صوبے میں 197 جبکہ لاہور کے 78 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، صوبے میں ایک لاکھ 30 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں 4200 سے زائد افراد وائرس کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوئے، لاہور میں سب سے زیادہ 4770 کورونا مریض ایکسپو سنٹر میں داخل ہیں جبکہ میو ہسپتال میں 388، پی کے ایل آئی میں 103 ، سروسز میں 15، جناح میں 22 اور جنرل ہسپتال میں 70 مریض زیر علاج ہیں، صوبائی دارالحکومت میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے 75 پولیس اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کیا ہوئی، شہریوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز بری طرح نظرانداز کر دیئے گئے، انار کلی بازار، شاہ عالم مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، اندرون شہر مارکیٹ، رنگ محل، اعظم کلاتھ مارکیٹ سمیت تمام مارکیٹوں کے تاجروں اور خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔
گزشتہ روز دکانداروں کی جانب سے کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات نا کافی نظر آئے، بازاروں اور سڑکوں پر گاڑیوں کا رش لگا رہا، ٹریفک جام رہی جبکہ گاڑیوں میں بھی 4 سے 5 افراد سفر کرتے دکھائی دیئے، بازارواں میں رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں پنجاب حکومت نے نرمی کردی، ہفتے میں 4 دن دکانوں اور عام بازاروں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی جبکہ جمعہ ہفتہ اور اتوار کو پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔