(رائو دلشاد) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان اور ڈی جی ایل ڈی اے میاں شکیل احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کے پیکج ون اور پیکج ٹو پر آزمائشی سروس شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
جی ایم نیسپاک نے اجلاس میں بتایا کہ پیکج ون پر ڈیرہ گجراں، اسلام پارک، سلامت پورہ، محمود بوٹی، پاکستان منٹ، شالامار، باغبانپورہ، یو ای ٹی، سلطان پورہ، نکلسن روڑ اور لکشمی اسٹیشنز پر سول، الیکٹریکل اور مکینیکل ورکس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اجلاس کے بعد خواجہ احمد حسان نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے پیکج ون اور ٹو کے سٹیشنز کا دورہ کیا۔اس موقع پر سبطین فضل علی، سی ای او حبیب کنسٹرکشن سروسز شاہد سلیم ،پرا جیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ سی آر نارینکو کے سربراہ کی آمد پر ہی اورنج لائن ٹرین کی آزمائشی سروس شروع کی جائے گی۔ پیکج ون پر ڈپو سے لکشمی تک ٹریک کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے تاہم الیکٹریکل اور مکینیکل ورکس تھوڑا باقی ہے۔ پیکج ٹو اسٹیبلنگ یارڈ سے شاہ نور اسٹیشن تک آزمائشی سروس شروع کی جائے گی۔