کورونا وائرس نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں ڈال دیا

کورونا وائرس نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں ڈال دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: کورونا وائرس نے دنیا کو خوف میں مبتلا کردیا۔وائرس کے باعث تجارت،تعلیم،کھیل سمیت تمام شعبے متاثر ہونے لگے۔دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے بغیر تماشائیوں کے کیے جارہے ہیں ، کورونا وائرس کی وجہ سے بنگلادیش کا دورہ  پاکستان بھی خطرے میں پڑگیا۔


بنگلادیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں 29 مارچ کو کراچی پہنچنا ہے، جہاں یکم اپریل کو واحد ون ڈے شیڈول ہے جبکہ ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا، مگر کورونا وائرس نے اس ٹور کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بنگلادیش خود اپنے ملک میں ورلڈ اور ایشیا الیون کے درمیان شیڈول 2 ٹوئنٹی 20 میچز اور اس سے قبل خصوصی کنسرٹ کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہی ملتوی کرچکا ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کے دورے کا جلد ہی جائزہ لیں گے، ہم قدم درقدم آگے بڑھیں گے اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب    پی سی بی سندھ حکومت سے بنگلادیشی ٹیم کے ٹور پر بھی رابطے میں ہے۔ پی ایس ایل میچز کے بعد اس معاملے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں شیڈول  آئندہ میچز کے سلسلے میں 17مارچ کے بعدکسی بھی وقت باقاعدہ اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستان ون ڈے کپ اور بنگلادیش کے ساتھ ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی میزبانی برقرار رکھنے، منسوخ کرنے یا کسی اور شہر منتقل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے کپ کے راؤنڈ میچز 25 مارچ سے 2 اپریل تک کراچی میں طے ہیں۔

یاد رہے  کراچی میں ہونے والے میچز بغیر شائقین کے خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ  آج  اور دیگر میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ہم میچز کروا رہے ہیں، مزید رسک نہیں لے سکتے۔خالی سٹیڈیمز میں ہونیوالے میچز سے پی سی بی کو 10کروڑ روپے کا نقصان ہونے کا خٰدشہ ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer