(طاہر جمیل)قانون کے محافظ ہی قانون شکنی کرنے لگے، شاہدرہ میں پولیس اہلکاروں نے وکیل کو تشدد کرتے ہوئے عمارت سے نیچے پھینک دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کا اولین فرض ہے کہ وہ اس کام کے لئے جامع منصوبہ بندی کرے، مگر عصر حاضرمیں چور تو چور رہے اب عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنے والے پولیس اہلکار بھی لوٹ مار اور تشدد کرنے لگے،جس نے پولیس کی کارکردگی پر مزید سوالیہ نشان لگادیے، شہر میں جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنارکھا ہے،اب قانون کے رکھوالے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن سے شہری بھی خوف زدہ ہیں۔
شاہدرہ میں پولیس اہلکاروں نے وکیل کے گھر دھاوا بول دیا، پولیس چھاپے کی سی سی ٹی وی سٹی 42 نے حاصل کر لی،موصول ہونے والی فوٹیج میں اہلکاروں کو گیٹ توڑ کر گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے،فوٹیج میں اہلکاروں نے وکیل ارشاد کے گھر پر حملہ کیا،سب انسپکٹر یوسف، اہلکار عرفان ارشد و دیگر نے وکیل ارشاد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ وکیل کا کہناتھا کہ اہلکاروں نے تشدد کرتے ہوئے دوسری منزل سے نیچےپھینک دیا،جس کی وجہ سے بازو اور سر میں چوٹ لگی، وکیل ارشاد کا مزید کہناتھا کہ پولیس اہلکار گھر سے 8 لاکھ نقدی، موبائل فون بھی لے گئے،تھانہ شاہدرہ میں درخواست دی مگر کارروائی نہ ہوئی۔