(محمد علی رضا) امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ ملک میں انیس مہینوں سے کرونا وائرس کی حکومت ہے، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی تبدیلی پیلی بلکہ گیلی ہو چکی ہے، پنجاب حکومت نے بل پاس کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پرچی سرکاری اور فیس پرائیویٹ ڈاکٹر کی ہو گی۔
جوہر ٹاؤن میں عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیرجماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، امیر پنجاب جاوید قصوری، چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری سمیت جماعت اسلامی اور عوامی رکشہ یونین کے رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے،غریب کے لیے سیاست کے دروازے بند جبکہ امیر کے پاس تمام سہولیات میسر ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے اب تو دال ماش بھی دال بدمعاش بن گئی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بل پاس کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کا غریب سے کوئی تعلق نہیں اب سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سرکاری جبکہ ڈاکٹر کی فیس پرائیویٹ ہوگی۔
اس موقع پرعوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے 20 مارچ کو لاہور میں جماعت اسلامی کے لیبر کنونشن میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا جلسہ کہ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کی دعا بھی کی گئی۔