جین مندر (قیصر کھوکھر) محکمہ جیل خانہ جات میں عجب کرپشن کی غضب کہانی منظر عام پر، اینٹی کرپشن نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں کرپشن کا بڑا سکینڈل بے نقاب کردیا۔
محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن کا ایک نیا واقعہ منظرعام پر آ یا ہے، محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں کرپشن کا بڑا سکینڈل بے نقاب کردیا، سربراہ ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا اپنے پیٹی بھائیوں کیساتھ ملکر قیدی سابق مئیر سرگودھا اسلم نوید سے 10 لاکھ روپے اورساڑھے آٹھ مرلہ کا پلاٹ لے اُڑا، سکینڈل بے نقاب ہونے کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل جاوید اقبال کھچی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عمران بٹ، ڈسپنسرثمر عباس، اردلی شان علی سمیت پانچ افراد پر مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن نے بتایا کہ مرکزی ملزم سپرنٹنڈنٹ جاوید اقبال کھچی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ نامزد باقی چار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، سابق مئیر سرگودھا اسلم نویدکو اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا تھا، ملزم اسلم نوید کو خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے اور سرکاری زمین پر قبضہ کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا۔ بھاری رشوت کے عوض سپرٹنڈنٹ جیل نے ملزم اسلم نوید کو گھر کا کھانا اور لینڈ لائن نمبر کی سہولت فراہم کر رکھی تھی، سپرنٹنڈنٹ جیل نے ملزم کو بیرک کی بجائے جیل کے ہسپتال میں رکھا تھا۔