(ملک اشرف) کورونا وائرس خدشات کے باعث لاہور ہائی کورٹ اور صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، یکم جولائی کی بجائے22 جون سے ہی موسم گرما کی تعطیلات شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، تاہم انتظامی کمیٹی نے حتمی فیصلے کا اختیار کورٹ کو دے دیاہے، فل کورٹ کی منظوری کے بعد ہی قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات 22 جون سے شروع ہوں گی۔ سیشن اورسول کورٹس میں چار ہفتوں کی چھٹیاں ہوں گی،ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی ججز فرائض سر انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن 15 جون کو جاری ہوگا۔اجلاس میں سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان ،جسٹس عائشہ اے ملک ، جسٹس شجاعت علی خان ، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی شریک ہوئے۔