شہباز شریف کی اہلیہ کو بھی کورونا ہوگیا

شہباز شریف کی اہلیہ کو بھی کورونا ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں، تہمینہ درانی نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی رہنماؤں پر کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ ذرائع کےمطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تہمینہ درانی نے اپنے آپ کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔ اس سے قبل 9 جون کو نیب پیشی کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آنے کے بعد وہ اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پر قرنطینہ میں ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی اہلیہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے خادم اعلیٰ شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ اور نیب پیشیوں کے موقع پر بےپناہ رش میں گئے، یقیناً وہیں سے شہبازشریف کو کورونا وائرس لاحق ہوا جبکہ میرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

ٹویٹ میں تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ میں اس کے بعد روئی ہوں لیکن اپنے لئے نہیں بلکہ ان غریبوں کےلئے جو یہ ٹیسٹ نہیں کروا سکتے، ہم ان کے لئے دعائیں ہی کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 1919 نئے کیسز کے بعد تعداد 47382 ہو گئی، صوبے بھر میں کورونا سے 49 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 890 ہوگئی، سرکاری ہسپتالوں میں صرف 34 وینٹی لیٹرز خالی رہ گئے۔سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کوررونا سے متاثرہ 729 مریض داخل 183 آئی سی یو اور 115 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اب تک 327,072 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 9546 ہو چکی ہے۔