مہنگائی کے ستائے لاہوریوں کیلئے اچھی خبر

مہنگائی کے ستائے لاہوریوں کیلئے اچھی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (شہزاد خان) مہنگائی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر ڈی سی لاہور دانش افضال نے چینی کی سرکاری پرچون قیمت 70روپے متعین کردی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر چینی کا ریٹ 70روپے کیا گیا ہے، ڈی جی انڈسٹری کی طرف سے بھی قیمتوں کو کم کرنے کے احکامات ملے جس پر چینی کی فی کلو قیمت 70 روپے مقرر کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کیخلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی جانب سے کارروائیاں کی جائیں گی۔

اکبری منڈی کے ڈیلرز اور شہر کے ریٹیلرز نے کہا ہے کہ چینی کی ایکس مل قیمت 76 اور ہول سیل 78 روپے ہے، ڈی سی بتائیں چینی 70 روپے پرچون میں کیسے بیچیں؟ شہر میں پٹرول بحران کے باعث چینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ڈی سی لاہور دانش افضال نے چینی کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو پرچون متعین کی ہے جس پر اکبری منڈی کے ڈیلرز اور شہر بھر کے ریٹیلرزنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چینی کی ایکس مل قیمت 76 روپے جبکہ اکبری منڈی سے انہیں 78 روپے ہول سیل کے حساب سے چینی مل رہی ہے۔

ریٹیلرز نے کہا کہ ڈی سی دانش افضال بتائیں کہ 78 روپے فی کلوگرام کے حساب سے ملنے والی چینی 70 روپے فی کلو گرام کے حساب سے کیسے بیچی جائے۔

ریٹیلرزکا کہنا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے ناجائز ہراساں کیا تو اکبری منڈی اور اوپن مارکیٹ میں چینی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے حق میں مشروط حکم امتناع جاری کرتے ہوئے وفاق، واجد ضیاء ، شہزاد اکبر ،سیکرٹری داخلہ اور انکوائری کمیشن کے ارکان کو نوٹس جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے چینی 70 روپے فی کلوگرام فروخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہا تھا کہ یہ کمیشن عام آدمی کے لئے تشکیل دیا گیا تھا ہم حکومت سے نوٹس جاری کرکے اس اسکینڈل کے بارے میں پوچھیں گے ، تب تک چینی 70 روپے فی کلو فروخت ہوگی۔

Sughra Afzal

Content Writer