سٹی 42: کاہنہ کے رہائشی شراب فروشوں سے تنگ، شراب فروش کو رنگے ہاتھوں پکڑوانے کے باوجود پولیس نے ملزم چھوڑدیا، جبکہ اطلاع دینے والے شہری کے خلاف ہی الٹا شراب فروشی کے مقدمہ درج کر لیا۔ متاثرہ شہری دادرسی کے لیے سٹی فورٹی ٹو آفس پہنچ گیا۔
پانچ نمبر سٹاپ کاہنہ کے رہائشی محمد بوٹا شاہد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اہل علاقہ کے ہمراہ ناظم انصاری نامی شراب فروش کے خلاف تھانہ کاہنہ میں درخواست دی۔ پولیس نے نشاندہی پر رنگے ہاتھوں شراب فروخت کرتے گرفتار کیا اور بڑی مقدر میں شراب برآمد کرلی۔ تاہم اگلے ہی روز سب انسپکٹر زاہد نے شراب فروش ناظم کو چھوڑ دیا۔
محمد بوٹا شاہد نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے اطلاع دینے پر ناظم کے ساتھ ملی بھگت سے الٹا ان پر اور ان کے بھانجے بابر پر شراب بیچنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بوٹاشاہد کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایچ او کے کار خاص فہیم نامی شخص نے 50ہزار رشوت کی ڈیمانڈ کی اور ایک عدد موبائل اور پندرہ ہزار نقدی دوران تلاشی اپنے پاس رکھ لی ہے۔
انھوں نے حکام بالا سے اپیل کی کہ شراب فروشوں کی سرپرستی کرنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کر کے انصاف دیا جائے۔