(قذافی بٹ) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا، دو آرڈیننس پیش کیے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش کرے گی۔
پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز بجٹ اجلاس آج سے شروع، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیئے گئے ہیں، بجٹ اجلاس کی صدارت سپیکر اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ کریں گے، اسمبلی اجلاس سے پہلے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوگا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں اپوزیشن کے ساتھ اجلاس کا ایجنڈا طے کیا جائے گا، حکومتی جماعت کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا، اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کریں گے، اپوزیشن بھی بجٹ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اجلاس کرے گی۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سوالات کے جواب دیئے جائیں گے، اجلاس میں دو آرڈیننس بھی پیش کیے جائیں گے، پنجاب کھل پنچایت آرڈیننس اور پنجاب لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس پیش کیے جائیں گے، اجلاس میں پنجاب زکوۃ و عشر کا ترمیمی بل بھی پیش کیا جائے گا، اجلاس میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی 16-2015 اور پنجاب پبلک سروس کمیشن 2017 کی سالانہ رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔