سری لنکن صدر ملک سے فرار، ایمرجنسی نافذ

Sri Lanka President
کیپشن: Sri Lanka President
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے صدر گوتابیا راجاپاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

سری لنکا کے وزیراعظم ہاؤس نے صدر کے ملک سے فرار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ مغربی صوبے میں کرفیو کا نفاذ بھی کیا  گیا ،  73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں شدید عوامی احتجاج کے بعد صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ استعفے کے اعلان کے بعد سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکا کے صدر مالدیپ میں قیام نہیں کریں گے اور وہ وہاں سے کسی اور ملک روانہ ہوں گے۔سری لنکن صدر کے بھائی اور سابق وزیر خزانہ باسل راجاپاکسے بھی ملک سے فرارہوگئے ہیں اور ان کے امریکا جانے کا امکان ہے، سابق وزیر خزانہ کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔

دوسری جانب سری لنکا میں بھارتی ہائی کمیشن نے سری لنکن صدر کے ملک سے فرار میں مدد کی خبروں کی تردید کی ہے۔

سری لنکا میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر کے ملک سے فرار میں بھارتی سہولت کاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ہائی کمیشن کا کہنا ہےکہ بھارت سری لنکا کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن صدر کا استعفیٰ بدھ کے روز پارلیمنٹ اسپیکر کو موصول ہونے کا امکان ہے۔