(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ شہر کی صورتحال اچھی نہیں اس لیے ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں کے قانون چلائے جا رہے ہیں اور نظام نہیں بدلا جا رہا۔ نالوں پر بنے تجاوزات کو ہٹانے کے لیے کوئی پلان نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نالوں پر تجاوزات ہٹا کر وہاں پر رہائش پذیر افراد کی آباد کاری کی جائے, سندھ حکومت کا طریقہ کار بدترین ہے اور سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں کرنٹ لگنے سے 15 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اور برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں جبکہ کراچی میں کل سے پھر بارش کی پیش گوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صرف اعلانات کیے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا، کراچی والوں کا کوئی پرسان حال نہیں.