نشتر پارک (حافظ شہبازعلی ) تیسرا چیف آف نیول سٹاف کپ آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم اگست سے شروع ہوگا، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایونٹ ایمپائرزاورآفیشلز تعینات کردیئے، اولمپین ناصر علی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر متعین،مسعود الرحمٰن ایمپائر مینجر ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نیول سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے تیسرا چیف آف نیول سٹاف کپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ یکم تا آٹھ اگست کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی دفاعی چیمپین ٹیم نیشنل بینک اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کو شرکت کے لئے دعوت نامہ اور ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایونٹ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق کھلانے کے لئے ایمپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز تعینات کردیئے ہیں۔پرائیڈ آف پرفارمنس، اولمپین ناصر علی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ہونگے جبکہ اسلم خان نیازی (حیدرآباد) اور جاوید اقبال (کراچی) اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز ہونگے۔ٹورنامنٹ آفیسرز میں مبشر مختار( ایچ بی ایل)، ڈاکٹرز ایس اے ماجد (کراچی)،ڈاکٹر عبدالرسول جانوری (دادو) ، مرتضیٰ ڈھوٹ(خیرپور)، غلام مصطفیٰ (حیدر آباد)، عاصم خان (کراچی)، زاہد محمود (کراچی)، انیس خان (کراچی)، وکیل الدین قاضی( کراچی) اور طارق خان (کراچی) شامل ہیں۔
مسعود الرحمٰن (کراچی) ایمپائرز مینجر کے فرائض سرانجام دینگے جبکہ محسن علی خان (کراچی) اسسٹنٹ ایمپائرز مینجر ہونگے۔ایمپائرنگ پینل میں سبطین رضا(نیشنل بینک)،حنید الدین (کراچی)، یاسر خورشید(لاہور)، سہیل اکرم جنجوعہ(پی ڈبیلو ڈی)، عبدالمنان (حیدر آباد) ، فہد علی خان (کراچی)، ہارون رشید (پشاور)، وقاص احمد بٹ(واپڈا)،مظہر وسیم (ننکانہ)، عرفان علی ڈھوٹ(خیر پور) شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ایونٹ کوآرڈینیشن کے لئے محمد جنید(کراچی)اور حیدر حسین (کراچی) کو تعینات کیا گیا۔ ایونٹ آفیشلز کی میٹنگ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپین ناصر علی کی زیر صدارت عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں 31 جولائی کو 3:00 بجے سہہ پہر ہوگی جبکہ مینجرز ، کوچز میٹنگ 4:00 بجے شام منعقد ہوگی۔