( قذافی بٹ ) ایوان وزیر اعلیٰ میں وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اجلاس میں عید الالضحیٰ کی نماز اور مویشی منڈیوں کے ایس اوپیز پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا کہ عید الالضحی پر ملک میں 700 مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، کوئی بھی مویشی منڈی شہر کے اندر نہیں لگائی جائے گی۔ مویشی منڈی کے داخلی راستوں پر شہریوں کی سکرننگ کی جائے گی، فیس ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
چیف سیکرٹریز کو ہدایات جاری کی گئیں کہ مویشی منڈیوں میں اجتماع لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں کورونا وائرس بڑھنے کے خدشات ہیں لہذا انتظامیہ سیکرننگ کو یقینی بنائے۔
اجلاس میں لیفٹینٹ جنرل محمودالزمان، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر قانون راجہ بشارت بھی شریک ہوئے۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
دوسری جانب کیٹل مینجمنٹ کمپنی کا مویشی منڈیوں کے لیے نیا بزنس ماڈل متعارف کروادیا ہے۔ نئے بزنس ماڈل کے تحت جانوروں کی انٹری فیس وصولی کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی نے لوکل گورنمنٹ سے دوماہ کا وقت مانگا ہے، نئے بزنس ماڈل پرعملدرآمد کے لیے لاہور ڈویژن کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
نئے ماڈل کے تحت منڈیوں میں بڑے جانور کی فیس 500 جبکہ چھوٹے جانور کی انٹری فیس 100 روپے مقرر کی گئی ہے، انٹری فیس کی وصولی کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے منڈیوں کے داخلی و خارجی راستے بہتر کیے جائیں گے۔ منڈیوں میں پارکنگ فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، موٹر سائیکل 20، کار50، موٹر سائیکل رکشہ 50، پک اپ150 ، شاہ زور 300اور دس ویلر ٹرک1200، جبکہ 22 ویلر ٹرک 2500 بطور پارکنگ فیس ادا کریں گے۔
منڈیوں میں موجود چارے کے غیر قانونی پوائنٹس کو خالی کرایا جائے گا اور بڈنگ کے ذریعے سیل پوائنٹس لگوائے جائیں گے۔بورڈ کے اجلاس میں مویشی منڈیوں میں آپریشنل اخراجات کی مد میں 2و کروڑ 9لاکھ کا بجٹ بھی منظور کر لیا گیا۔