( راؤ دلشاد حسین ) ٹڈی دل نے پنجاب کے تمام اضلاع کا پیچھا چھوڑ دیا، پاکستان کے دوسرے صوبوں اور بھارتی پنجاب کا رخ کرلیا، پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی۔
انسداد ٹڈی دل موضع جاتی کمیٹی کا کمال یا بہترین حکمت عملی کے باعث ٹڈی دل پنجاب سے فی الحال نکل گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ٹڈی دل نے پنجاب سے سندھ، بلوچستان، بھارتی پنجاب اور راجستھان کا رخ کرلیاہے۔ پنجاب کے سترہ اضلاع کی تیس تحصیلوں میں ٹدی دل کا حملہ ہوا تاہم اس وقت پنجاب کے کسی بھی ضلع میں ٹڈی دل موجود نہیں، پنجاب میں ٹڈی دل نے پانچ فیصد تک فصلوں کو نقصان پہنچایا۔
سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے پنجاب کی طرح اقدامات کئے تو ٹڈی دل سے نجات مل سکتی ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ ستاون ہزار ایکڑ اراضی پر ٹڈی دل کا حملہ ہوا جو بھر پور سپرے آپریشن سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
یاد رہے ملک کے 61 اضلاع میں ٹڈی دل نے حملے کرکے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناکافی اقدامات کے سبب کسان شدید گرمی کے باوجود ہاتھوں میں تھال اور پلاسٹک کی بوتلیں لیے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیاں بھگانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔