شہربھر سے (راؤ دلشاد، سعدیہ خان، فاران یامین، حسن خالد، شاہد سپرا) شہر میں کہیں موسلادھار بارش ہوئی تو کہیں رم جھم ہوتی رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیاتاہم بارش سے بجلی کا سپلائی نظام بھی درہم برہم ہوگیا جبکہ 90 سے زائد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں اندھیرے کا راج رہا۔
تفصیلات کے مطابق نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس سمیتکئی نشیبی علاقوں میں بارش کاپانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے واسا کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔گزشتہ روزشہر کوبادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا اوربارش کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوگیا۔
درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی، لارنس روڈ، جی او آر ون، مزنگ شادمان ون، شاد مان ٹو ،ایل او ایس ،سمن آباد، اچھرہ، شاہ جمال ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، شملہ پہاڑی، دھرم پورہ، غازی آباد، ڈیفنس، ائیر پورٹ، اردو بازار، لکشمی، بھاٹی، ریلوے سٹیشن، گڑھی شاہو، اسلام پورہ، راوی روڈ ،ٹھوکر نیاز بیگ،جوہرٹائون،اقبال ٹائون،اچھرہ،سبزہ زار اورمرغزار کالونی سمیت کئی علاقوں میں بارش نے جل تھل کردیا۔
بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا درجہ حرارت خاصی حد تک گر گیا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37،کم سے کم درجہ حرارت 26درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سسٹم شہر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی موجود رہے گاجس سے مزید بارش کاامکان ہے۔
ادھرشہر میں چوبیس گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہونا شروع ہو گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے لیسکو کے نوے سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،۔
دوسری جانب لیسکو حکام کے مطابق بارش کے دوران بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اس لئے بارش رکنے پر بحالی کا کام شروع کرکے بیشتر فیڈرز سے بجلی بحال کردی گئی ہے۔