(جنید ریاض) لاہور بورڈ کے تحت 20 جنوری میٹرک کےداخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ،سرونگ سکولز ایسوسی ایشن نے میٹرک کے داخلوں کی تاریخ میں ایک ماہ توسیع دینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سرونگ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر میاں رضاء الرحمن کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے 18 جنوری سے سکول کھلیں گے،سکول بند ہونے کی وجہ سے طلباء کے کوائف اکھٹے نہیں کیےجاسکے۔انہوں نے لاہور بورڈانتظامیہ سے مطالبہ کیا ہےکہ میٹرک اور انٹر کے داخلوں کے لئے تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع دی جائے ۔ان کاکہناتھا کہ تاریخ میں توسیع سےوالدین دُگنی فیس سےبچ سکیں گے۔کورونا کی وجہ سے پہلے ہی کاروباری حالات انتہائی خراب ہیں۔
واضح رہے کہ سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی ایک مشکل حل کرنےپر غور کیاجارہا ہے،تعلیمی بورڈز میں داخلے بھیجنے کی پالیسی تبدیل کی جا رہی ہے۔ کالجوں میں طلباء کے ایسسمنٹ ٹیسٹ کے بغیر ہی بورڈز میں داخلے بھیجے جائیں گے۔ کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کے پیش نظر دسمبر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی تجویز ہے۔
پالیسی کے تحت بورڈ میں ریگولر داخلہ بھیجنے کے لئے دسمبر ٹیسٹ پاس کرنے اور 75 فیصد حاضری کی شرط عائد ہے۔ پالیسی میں نرمی کے بعد سرکاری کالجوں میں زیر تعلیم تمام طلباء کے بورڈز میں داخلے بھیجے جائیں گے۔ ڈی پی آئی کالجز پنجاب محکمہ ہائیر ایجوکیشن سے حتمی منظوری حاصل کرے گا۔