سٹی 42 :مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا پاک فوج کے ترجمان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ مولانا کو چائے پانی کی آفر ابھی ہوئی، ہمیں تو چائے کیساتھ کیک اور پیسٹری کی بھی آفر ہوچکی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کو سیاسی جواب نہیں دینا چاہے تھا ۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ اس ملک میں 73 سالوں سے چائے پانی پلایا جارہا ہے لیکن مولانا چائے پینے نہیں بلکہ پلانے جا رہے ہیں۔ہم مولانا کے پیچھے نیت باندھ چکے ہیں وہ جو کریں گے ہم بھی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا سابق گورنر سندھ محمد زبیر سے خفیہ رابطے بھی کئے گئے۔ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے ۔
نیب پر تنقید کرتے ہوئے بولے چیرمین نیب متنازعہ شخصیت ہے،ان کے خلاف ریفرنس تیار کر رہاہوں۔پشاور میں بھی درخواست دی ہے کہ مجھے چیئرمین نیب سے خطرہ ہے۔لیگی رہنما نے مزید کہا چیئرمین نیب نے پورے پاکستان کا ادارہ اپنی انا کے لئے داؤ پر لگا دیا ہے۔2 دفعہ نیب دفتر ہیش ہو چکا ہوں ۔اڑھائی سال میں انکوائری مکمل نہیں ہوئی ۔
یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ پی ڈی ایم والے پنڈی آئے تو ان کو چائے پانی پلائیں گے،ان کو لک آفٹر کریں گے،اور میں کیا کہہ سکتا ہوں۔جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ آپ پیزا کھائیں ہمارے لئے صرف چائے۔