مال روڈ(راؤ دلشاد) شہر کی پانچ ماڈل شاہراہوں اور چوک چوراہوں میں گداگری پر پابندی عائد کردی گئی، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ اور لوئر مال کو بھکاری فری قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے لاہور کی پانچ مرکزی شاہراہوں پر گداگروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے، مال روڈ پر استنبول چوک سے نہر کے پل تک کسی بھی مقام پر گداگروں کو کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی، قرطبہ چوک جیل روڈ، مین بلیوارڈگلبرگ، ایم ایم عالم روڈ، لوئر مال ڈی سی آفس سے چوبرجی چوک تک گداگروں کے داخلے پر پابندی ہوگی، کمشنر وایڈمنسٹریٹر ذوالفقار گھمن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، ایم سی ایل کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ان سڑکوں پر کسی بھی بھکاری کو داخل نہ ہونے دیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور شہر سمیت صوبہ بھر کی تمام ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو مرمت کرنے کا فیصلہ کرلیا، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے محکمہ خزانہ سے چھ ارب چالیس کروڑ روپے مانگ لئے،محکمہ خزانہ کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد یہ گرانٹ جاری کرے گا،محکمہ خزانہ نے گرانٹ جاری کرنے پر ورکنگ شروع کر دی ۔